Description
اردو زبان میں اسلامی فقہ پر کتابیں موجود ہیں اور اہلِ علم حضرات حسب توفیق اس علم کو پھیلانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ موجودہ صدی میں مصر کے نامور فقیہ علامہ عبدالرحمن الجزیری کی کتاب الفقہ علی المذاہب الاربعہؒ کامیاب ترین کوشش ہے، اس میں فقہ کے چاروں اساطین (حضرت امام ابو حنیفہ، حضرت امام مالک، حضرت امام شافعی اور حضرت امام حنبلؒ) کی کاوش و تحقیق کو جو انہوں نے کتاب و سنت کی روشنی میں کی ہے تفصیل سے تحریر کیا ہے، اس کتاب کا ترجمہ جناب منظور احسن صاحب عباسی نے اردو میں کیا ہے، پانچ ضخیم جلدوں میں یہ کتاب پاکستان میں شائع ہوئی ہے، ہم نے اس کتاب سے استفادہ کیا ہے۔ لیکن چاروں ائمہ کے مسالک علیحدہ علیحدہ بیان کرنے کے بجائے حنفی مسلک کو بنیاد بنایا ہے، کیونکہ برصغیر کے مسلمان زیادہ تر حنفی مسلک کے پیرو ہیں، ساتھ ہی ساتھ اہم اور اصولی مسائل میں دوسرے تینوں ائمہ کی رائے بھی تحریر کر دی ہے، ایسا اس لیے کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے و ما جعل علیکم فی الدین من حرج (اللہ نے دین میں تم پر کوئی تنگی نہیں رکھی) سورہ حج۔ آیت ۷۸) تو اہل علم حضرات کتاب و سنت کی واضح دلالت اور مسئلہ کی خاص نوعیت کے پیش نظر کسی کی رائے کو راجح یا مرجوع قراردینے میں کوئی تنگی محسوس نہ کریں البتہ عام لوگوں کو یہ حق نہیں ہے کہ پیچیدہ مسائل (مثلاً مفقود الخبر شوہر کی بیوی کا نکاح یا خلع اور طلاق کی بعض مشکل صورتوں) میں محض اس کتاب کو پڑھ کر کوئی فیصلہ کرلیں ایسے مسائل ہمیشہ قاضی کی عدالت سے یا جہاں اسلامی حکومت نہ ہوکسی مستند دار الافتا سے رجوع کرنا چاہئیں اور تحریری حکم یا فتویٰ حاصل کرنے کے بعد علمدرآمد کرنا چاہیے، جیسے مولانا اشرف علی تھانویؒ نے بیع سلم وغیرہ میں امام شافعیؒ کے مسلک پر عمل کرنے کی اجازت دی ہے۔
Reviews
There are no reviews yet.